کھیل
Time 20 نومبر ، 2021

کیا حسن علی نے واقعی شعیب اختر کی تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ دیا؟

بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسپیڈو میٹر پر حسن علی کی گیند کی رفتار 219 کلومیٹر فی گھنٹہ دکھائی گئی۔ فوٹو: فائل
بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسپیڈو میٹر پر حسن علی کی گیند کی رفتار 219 کلومیٹر فی گھنٹہ دکھائی گئی۔ فوٹو: فائل

حسن علی کی بنگلا دیش کے خلاف بولنگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر سے بھی زیادہ تیز  رفتاری سے بولنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔

گزشتہ روز ڈھاکہ کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو 4 وکٹوں کے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

مختلف کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق حسن علی کی بولنگ کی متوسط رفتار 137 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے لیکن اس میچ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ حسن علی نے جب اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پھینکی تو اسپیڈو میٹر پر اس کی رفتار تکنیکی غلطی کے باعث 219 کلومیٹر فی گھنٹہ دکھائی گئی یعنی شعیب اختر کی تیز ترین گیند سے بھی بہت تیز گیند۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نے 2003 میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی جسے دنیا کی تیز ترین گیند تصور مانا جاتا ہے۔

اسپیڈو میٹر پر حسن علی کی گیند کی رفتار 219 کلومیٹر فی گھنٹہ دیکھ کر سوشل میڈیا پر میمز کا تانتا ہی بندھ گیا اور صارفین نے شعیب اختر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ خود کو تیز ترین بولر مت کہیے گا۔

یہی نہیں اسی میچ میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کی گیند کی رفتار بھی اسپیڈو میٹر پر 221 کلومیٹر فی گھنٹہ دکھائی گئی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی عمید آصف نے بھی سوشل میڈیا پر محمد نواز کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی گیند کی رفتار اسپیڈو میٹر پر 148 کلومیٹر فی گھنٹہ دکھائی گئی۔

عمید آصف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کون چاہتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی مزید تیز دوڑے کیونکہ محمد نواز 4 قدم سے 148 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروا سکتا ہے۔

شاہین آفریدی نے اپنی تیز ترین گیند 2017 میں 144.84 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پھینکی تھی۔

مزید خبریں :