Time 17 مئی ، 2024
کھیل

کرسٹیانو رونالڈو مسلسل دوسرے سال سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ قرار

کرسٹیانو رونالڈو / اے ایف پی فوٹو
کرسٹیانو رونالڈو / اے ایف پی فوٹو

پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 2024 کے سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ قرار دیے گئے ہیں۔

امریکی جریدے فوربز نے 2024 میں سب سے زیادہ کمانے والے 50 ایتھلیٹس کی فہرست جاری کی ہے۔

فہرست کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 12 ماہ کے دوران 26 کروڑ ڈالرز کما کر دیگر تمام کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پرتگالی اسٹار مسلسل دوسری بار دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ بنے ہیں۔

ایک سال کے دوران انہوں نے فٹبال گراؤنڈ سے 20 کروڑ جبکہ میدان سے باہر اشتہارات اور دیگر کے ذریعے 6 کروڑ ڈالرز کمائے۔

انہیں 20 کروڑ ڈالرز سعودی کلب النصر سے معاہدے کے نتیجے میں ملے۔

امریکی جریدے کے مطابق پہلی بار دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والے 10 ایتھلیٹس میں سے ہر ایک کی آمدنی سال میں 10 کروڑ ڈالرز سے زیادہ رہی۔

دوسرے نمبر پر ایک گالفر Jon Rahm موجود ہیں جو ایک سال میں 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔

تیسرا نمبر ارجنٹینا کے فٹبالر لیونل میسی کے نام رہا جن کی سالانہ آمدنی 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہی۔

چوتھے اور 5 ویں نمبر پر باسکٹ بال پلیئرز لی بورن جیمز اور Giannis Antetokounmpo رہے جو بالترتیب 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز اور 11 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔

فرانس کے نوجوان فٹبالر کیلان ایمباپے 11 کروڑ کمانے میں کامیاب رہے اور وہ فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

اسی طرح برازیل کے فٹبالر نیمار 10 کروڑ80 لاکھ ڈالرز کما کر 7 ویں، فرانس کے فٹبالر Karim Benzema اس عرصے میں 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کما کر 8 ویں، باسکٹ پلیئر اسٹیفن کری 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کما کر 9 ویں جبکہ رگبی پلیئر لیمار جیکسن 10 کروڑ ڈالرز سے زائد کما کر 10 نمبر پر رہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والے 50 ایتھلیٹس کی فہرست میں اس سال حیران کن طور پر کوئی بھی کرکٹر یا ٹینس پلیئر جگہ بنانے میں ناکام رہا۔

مزید خبریں :