پاکستان
Time 25 نومبر ، 2021

کراچی: شدید دھند کےباعث ناردرن بائی پاس پر حادثہ، 2 افراد جاں بحق

کراچی ناردرن بائی پاس پر شدید دھند کے باعث پیش آئے ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق کراچی سے ایران کے مقدس مقامات کی زیارت کرنے جانیوالوں کی بس حادثے کا شکار ہوگئی، زائرین کی بس کو حادثہ ناردرن بائی پاس پر نجی یونیورسٹی کے قریب پیش آیا جہاں بس کا تصادم ٹرالر سے ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق بس میں 30 مسافر موجود تھے،  حادثےمیں بس کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا اور آگے بیٹھے ہوئے افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا، ناردرن بائی پاس پر شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ تقریباً صفر ہے جس کی وجہ سے بس ڈرائیور ٹرالر کو دیکھ نہیں سکا،  حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے ریسکیو کے لیے جانے والی پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں کو بھی جائے حادثہ سے واپسی کے لیے مشکلات پیش آئیں۔

ناردرن بائی پاس سے گزرنے والے ٹرک اور ٹرالر ڈرائیوروں نےبھی کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے اپنی گاڑیاں یونیورسٹی کے پاس سڑک کے کنارے کھڑی کردیں۔

مزید خبریں :