Time 29 نومبر ، 2021
پاکستان

کراچی سفاری پارک میں 10 سال تک ہاتھی سمجھا جانیوالا ’سونو‘ ہتھنی نکلی

سفاری پارک میں موجود ہاتھی 11 برس قبل تنزانیہ سے لائے گئے تھے اور ان کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ فوٹو: فائل
سفاری پارک میں موجود ہاتھی 11 برس قبل تنزانیہ سے لائے گئے تھے اور ان کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی سرپرستی میں چلنے والے سفاری پارک میں موجود ہاتھی کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ جسے پارک کی انتظامیہ عرصہ دراز سے ہاتھی سمجھ رہی تھی وہ دراصل ہتھنی ہے۔

کراچی کے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود چاروں ہاتھی 11 برس قبل تنزانیہ سے لائے گئے تھے اور چاروں کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔

جانوروں کی بین الاقوامی تنظیم ’فور پاز‘ کا ایک وفد کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود ہاتھیوں کی ٹھیک طرح سے نگہداشت نہ ہونے کی شکایت پر میڈیکل چیک اپ کے لیے حال ہی میں کراچی پہنچا تھا۔

غیر ملکی ماہرین کی ٹیم نے پہلے کراچی کے چڑیا گھر میں موجود ہاتھیوں، ان کی رہائشی جگہ اور کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ کیا اور پھر سفاری پارک پہنچے جہاں پر گزشتہ 10 سال سے موجود سونو اور ملکہ کا معائنہ کیا۔

غیر ملکی ویٹرنریز کی ٹیم نے سفاری پارک میں موجود سونو اور ملکہ کی صحت کو بہتر قرار دیا تاہم ہاتھیوں کو فراہم کردہ ماحول کو بدترین قرار دیا اور ماہرین کی ٹیم نے ہاتھیوں کا طبی معائنہ بھی کیا جس میں ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ بھی شامل تھا، جب دونوں ہاتھیوں کی الٹرا ساؤنڈ رپورٹ سامنے آئی تو انکشاف ہوا کہ دونوں ہی ہتھنیاں ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں 2012 سے اکیلا رہنے والے کاون ہاتھی کو بین الاقوامی سطح پر چلنے والی آن لائن مہم کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں کمبوڈیا منتقل کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :