پاکستان
Time 03 دسمبر ، 2021

ٹوئٹر پر طنزیہ گانا شیئر کرنے کا معاملہ، سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا مؤقف آگیا

ملازمین کے بچوں کی فیسیں ادا نہ ہونے سے متعلق افواہیں من گھڑت ہیں،کراچی سے ٹوئٹر اکاونٹ ہیک کرکے جھوٹ پھیلایا گیا، سفارتخانہ— فوٹو: اسکرین شاٹ
ملازمین کے بچوں کی فیسیں ادا نہ ہونے سے متعلق افواہیں من گھڑت ہیں،کراچی سے ٹوئٹر اکاونٹ ہیک کرکے جھوٹ پھیلایا گیا، سفارتخانہ— فوٹو: اسکرین شاٹ

نہ سڑکوں پر نکلے، نہ نعرے مارے، نہ ہڑتال پر گئے، تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملازمین کا انوکھا احتجاج، طنزیہ گانا ’ آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ شیئر کردیا۔

گانے کے ساتھ جاری پیغام میں کہا کہ مہنگائی تمام پچھلے ریکارڈ توڑ رہی ہے، وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ کیا توقع کرتےہیں بغیر تنخواہ ہم کب تک چپ کرکے کام کرتے رہیں گے؟ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے ہمارے بچوں کو اسکول سے نکالا جارہاہے، کیا یہ ہے نیا پاکستان؟

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اس معاملے پر سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی وضاحت بھی سامنے آگئی ہے جس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے معمول کے مطابق فنڈز مل رہے ہیں، عملے کو معمول کے مطابق تنخواہیں دی جارہی ہیں، ملازمین کے بچوں کی فیسیں ادا نہ ہونے سے متعلق افواہیں من گھڑت ہیں،کراچی سے ٹوئٹر اکاونٹ ہیک کرکے جھوٹ پھیلایا گیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کاکہنا ہے کہ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی دفتر خارجہ تحقیقات کر رہا ہے۔

قبل ازیں دفتر خارجہ نے بھی کہا تھا کہ ان اکاؤنٹس پر پوسٹ کیے جانے والے پیغامات سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے نہیں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

مزید خبریں :