06 دسمبر ، 2021
وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر جائزے کیلئے اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے منیجر کے قتل کے ظالمانہ فعل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں قصور واروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ اجلاس میں سری لنکن شہری کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔