پاکستان
Time 07 دسمبر ، 2021

پنجاب کے وزیر ماحولیات نے فضائی آلودگی پر عالمی تنظیموں کے اعدادو شمار کو فیک قرار دے دیا

 پنجاب کے وزير تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے لاہورمیں فضائی آلودگی پر عالمی تنظیموں کی رپورٹس کے اعداد و شمار کو فیک نیوز قرار دے دیا۔ 

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں صوبائی وزیر نے اپنی ہی حکومت کے فیصلے غیر ضروری قرار دے ديے اور کہا کہ ہفتے میں تین روز اسکول اور کالج بند کرنے کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ لاہور میں اسموگ نہیں، صرف شہر کو بد نام کیا جا رہا ہے اور چند لوگ فضائی آلودگی کا شور مچا کر لاہور کا نام خراب کر رہے ہیں۔

وزیر ماحولیات نے لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال پر عالمی تنظیموں کی رپورٹس کے اعداد و شمار کو فیک نیوز قرار دیا اور کہاکہ نومبر میں صرف 7 ہزار 217 افراد دمہ، ناک کان، گلے اور دیگر بیماریوں سے متاثر ہوئے، اگر اسموگ ہوتی تو بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ محکمہ صحت پنجاب کے جاری اعداد و شمار میں بیماریوں کا پھیلاؤ معمول کے مطابق قرار دیا۔

محمد رضوان کا کہنا تھاکہ رواں سال مارچ میں اسموگ نہیں تھی، تقریبا 98 ہزار مریض مختلف بیماریوں کا شکار ہوئے، لاہور میں آج پرٹیکیولیٹ 318 ہے، اس میں اسموگ نہیں صرف فضائی آلودگی شامل ہے، ہمارے پاس افرادی قوت کم ہے۔

خیال رہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے متعلق یومیہ جائزہ لینے والی امریکی تنظیم نے نومبر کے مہینے میں لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :