21 دسمبر ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر پٹیشن واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے 2018 میں دائر پٹیشن اور متفرق درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھاکہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں بیٹی ٹیریان کو چھپایا، صادق اور امین نہ رہے لہٰذا عمران خان کو صادق اور امین نہ ہونے کے باعث نااہل قرار دیا جائے۔
یہ درخواست گزار گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار تھے اور انہوں نے بعد میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اوردرخواست واپس لینےکی متفرق درخواست دائر کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی رٹ پٹیشن واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔