21 جنوری ، 2022
لاہور کی بینکنگ جرائم کی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
لاہور میں بینکنگ جرائم عدالت کےجج سردار طاہر صابر نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جب کہ شہباز شریف کی علالت کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے پراسیکیوٹر معظم حبیب اور حمزہ شہباز اپنے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ہم 24 جنوری تک چالان جمع کرا دیں گے، اس پر عدالت نے کہا کہ چالان جمع ہونے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ کے پاس 4 روز کا وقت ہوگا، 28 جنوری کو ملزمان کو میرے پاس نہیں آنا، عدالت نے جب دائرہ اختیار کا فیصلہ کر دیا تو یہ کیس یہاں سننا بنتا ہی نہیں۔
شہباز شریف کے وکیل نے ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کی کورونا مثبت رپورٹ بھی لف کی گئی۔
امجد پرویز نے کہا کہ عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے درخواست بھی دی ہے جس پر عدالت نےشہباز شریف اور حمزہ شہبازکو 28 جنوری تک عبوری ضمانت دے دی۔