Time 26 جنوری ، 2022
پاکستان

سندھ اسمبلی دھرنا، جماعت اسلامی اورپی پی کا میئر کے اختیارات کے اہم معاملات پر اتفاق

جماعت اسلامی اور سندھ حکومت میں میئرکے اختیارات کے بعض اہم معاملات پر اتفاق ہوگیا۔

کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنے کا 27 واں روز ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جماعت اسلامی سے مذاکرات کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ ڈیڈ لاک ختم کرانے میں پیپلز پارٹی قیادت کے قریبی ساتھی نے اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعلیٰ کو فیصلہ کن مذاکرات کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ میئرکے اختیارات کے بعض اہم معاملات پر جماعت اسلامی اور سندھ حکومت میں اتفاق ہوگیا ہے اور میئر با اختیار بنانے کیلئے قانون میں ترمیم پر سندھ حکومت راضی ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے بعض بلدیاتی ادارے میئر کے ماتحت کرنےکا عندیہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی  نے سندھ حکومت سے تحریری معاہدے پر زور دیا ہے جس پر سندھ حکومت نے مشاورت کیلئے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 48 گھنٹے میں مذاکرات نتیجہ خیز ہونے کا امکان ہے جس کے بعد سندھ اسمبلی سے دھرنا ختم کردیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ وہیکل ٹیکس کا 70 فیصد حصہ بلدیہ کراچی کو دیا جائے۔

مزید خبریں :