Time 27 جنوری ، 2022
دنیا

پاکستانی ٹرک آرٹ سے سجا برطانیہ کا پہلا ’چائے اڈہ‘

لندن: ایک نوجوان پاکستانی کاروباری شخص برطانیہ میں ایک ’’چائے اڈہ‘‘ کیفے شروع کرنے والا پہلا شخص بن گیا ہے جو ادائیگی کے لیے مختلف کرنسیاں قبول کرتا ہے۔

 26 سالہ طیب شفیق نے شیفرڈز بش، ویسٹ لندن میں ویسٹ فیلڈ کے باہر چائے اڈہ کافی شاپ قائم کی ہے جہاں مختلف قسم کی پاکستانی اور ایشیائی چائے، پراٹھے، بریانی، کباب اور رول فروخت کیے جاتے ہیں۔

چائے اڈہ میں  ادائیگی کے لیے مختلف کرنسیاں قبول کی جاتی ہیں /ویڈیو اسکرین گریب
چائے اڈہ میں  ادائیگی کے لیے مختلف کرنسیاں قبول کی جاتی ہیں /ویڈیو اسکرین گریب

ٹرک آرٹ سے مزین اور وائٹ سٹی بس اسٹیشن کے بالکل ساتھ واقع چائے اڈہ فوری طور پر مقبول ہو گیا ہےکیونکہ باہر پاکستانی ٹرک آرٹ میں سجی ہوئی رنگ برنگی کرسیاں رکھی گئی ہیں جو عوام کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ طیب شفیق وہی شخص ہے جو برطانیہ میں اس وقت اخبارات کی سرخیوں میں آیا جب اس نے مشہور سرخ فون باکس کا استعمال کرتے ہوئے لندن میں بریانی کیفے کھولا۔ 

بعد ازاں  طیب شفیق کو  مقامی کونسل اور انگلش ہیریٹیج کی جانب سےریگولیٹری مسائل کی وجہ سے ٹیک ا وے سروس جاری رکھنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث فون باکس کا کاروبار بیچنا پڑا۔

کسٹمرز کی جانب سےملنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوئے / کیفے مالک/ویڈیو اسکرین گریب
کسٹمرز کی جانب سےملنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوئے / کیفے مالک/ویڈیو اسکرین گریب

 طیب شفیق نے اب ایک اور منفرد اقدام کیا ہے جوکہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر شروع کیا ہے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے طیب شفیق نے کہا کہ وہ اپنے کیفے کے کھلنے کے ایک ہفتے کے اندر کسٹمرز کی جانب سےملنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

 طیب شفیق کی  دکان کی چھت کو پاکستانی ٹرک آرٹ کی طرز پر سجایا گیا ہے جبکہ کرسیاں اور میزیں لاہور سے لائی گئی ہیں اور ہر میز پر صارفین کے لیے لوڈو گیمز  موجود ہیں۔

مزید خبریں :