27 جنوری ، 2022
پاکستان کے فاسٹ بولر اور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ ابتدائی کیرئیر میں بھارت کے 2 کرکٹرز نے ان کا کافی حوصلہ بڑھایا۔
گزشتہ روز جیو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں حارث رؤف کا کہناہے کہ بھارت کے بولر ہاردک پانڈیا اور اوپنر کے ایل راہول نے میرا کافی حوصلہ بڑھایا، میری دونوں بھارتی کرکٹرز سے پہلی ملاقات 19-2018 میں بھارت کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ہوئی تھی۔
حارث نے بتایاکہ میں نے بھارتی کرکٹرز ویرات کوہلی، کے ایل راہول اور ہاردک کو نیٹ پر بولنگ کروائی تھی جس سے وہ کافی متاثر ہوئے، اس وقت پانڈیا سے اس بارے میں گفتگو ہوئی تھی کہ کھیل کو مزید بہتر کیسے کرنا اور اور انہوں نے مجھے کچھ ٹپس بھی دی تھیں۔
کرکٹر نے بتایا کہ جب میں بولنگ کروا کے فارغ ہوا تو پانڈیا اور راہول میرے پاس آئے اور میری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ورلڈ کپ میچ میں ان کی پانڈیا اور کے ایل راہول سے ملاقات ہوئی، ان کو یاد تھا کہ میں نے انہیں نیٹ پر بولنگ کرائی تھی، پانڈیا نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی نیٹ پر گیند کرانے والے حارث رؤف کو پہلے بگ بیش اور پھر پاکستان کیلئے کھیلتا دیکھ کر خوش ہوئے، کے ایل راہول کو یاد تھا کہ نیٹ پر ان کوآؤٹ بھی کیا تھا، دونوں کرکٹرز سے کافی خوشگوا ر ملاقات رہی تھی۔