29 جنوری ، 2022
لاہور کے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور فیاض احمد دیو نے انکشاف کیا ہے کہ صحافی حسنین شاہ کو لین دین کے تنازع پر قتل کیا گیا جبکہ ان کے قتل کے الزام میں 4 افراد پکڑے گئے۔
سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے ڈی آئی جی ڈاکٹر عابد، ایس ایس پی مستنصر فیروز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور اور ایس پی سٹی حفیظ بگٹی کے ہمراہ پولیس لائنز میں پریس کانفرنس کی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ صحافی حسنین شاہ کا مرکزی ملزم عامر بٹ اور اس کے بھائی شاہد بٹ سےلین دین کا تنازع تھا، عامر بٹ نے بھائی سے مل کر حسنین شاہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور فرحان شاہ کے ذریعے شوٹر منگوائے۔
انکا کہنا تھا کہ قلیل وقت میں حسنین شاہ کے قاتلوں تک پہنچ گئے، پہلے حیدر شاہ اور امجد پاشا کو گرفتار کیا جن کی نشاندہی پر مرکزی ملزم عامر بٹ کو حراست میں لیا گیا، شاہد بٹ اور دونوں شوٹرز کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔
فیاض دیو کا کہنا تھاکہ شفاف تفتیش کرتے ہوئے کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور پریس کلب کے سامنے گاڑی پر فائرنگ کرکے نجی ٹی وی کے رپورٹر حسنین شاہ کو قتل کر دیا گیا تھا۔