03 فروری ، 2022
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم افیئرز کے چیئرمین عامر مگسی نےکراچی کے ساحل سی ویو پر پھنسنے والے ہینگ ٹونگ جہاز کی انکوائری رپورٹ چھپانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عامر مگسی نے جیو نیوز سے بات چیت میں کہا کہ بندرگاہوں کا حادثوں سے محفوظ ہونا ملکی تجارت کے لیے سب سے بڑی شرط ہے، سمجھ سے بالاتر ہےکہ آخر یہ انکوائری رپورٹ کیوں چھپائی جارہی ہے۔
عامر مگسی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ انہوں نے سیکرٹری میری ٹائم اور کے پی ٹی چیئرمین سے دو مرتبہ انکوائری رپورٹ مانگی لیکن نہیں دی گئی۔
خیال رہےکہ کراچی کے ساحل پر کنٹینروں سے لدا کارگو بحری جہاز 20 اور 21 جولائی کو ریت میں آپھنسا تھا جسے واپس گہرے پانی میں پہنچانے میں ڈیڑھ ماہ لگ گئے۔
اس حوالے سے بہت سے سوالات جواب طلب ہیں کہ ہینگ ٹونگ کیوں پھنسا اور مدد کی کالز پر جواب کیوں نہیں دیا گیا؟ تاہم انکوائری رپورٹ نہ عوام اور نہ ہی پارلیمنٹ پر آشکار کی گئی ہے۔