10 فروری ، 2022
نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور بچہ زخمی ہوگیا۔
اس حوالے سے سیاسی تنظیم پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما ارشد ووہرا کا کہنا ہےکہ قتل کیا جانے والا پی ایس پی کا سرگرم کارکن تھا، یہ واقعہ معمولی نہیں، ڈی آئی جی نے معاملے کی خود تفتیش کرنے کا کہا ہے۔
فائرنگ کا واقعہ نارتھ کراچی پیلے اسکول کے قریب پیش آیا جہاں 8 سالہ صبور کے سامنے اس کے باپ کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
مقتول سلمان اپنے بیٹے کو اسکول سے لے کر کار میں گھر جارہا تھا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان نے مقتول کو تعاقب کر کے قتل کیا۔ واقعے میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان ملوث ہیں ، مقتول سلمان نے اسپیڈ بریکر کی وجہ سے گاڑی کی رفتار کم کی تو ملزمان نے سامنے سے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے 6 گولیاں سلمان کو اور دو گولیاں اس کے بیٹے صبورکی ٹانگوں پر لگیں، مقتول سلمان موقعے پر ہی دم توڑ گیا اور بیٹے کو زخمی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی سینٹرل کا بتانا ہے کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 9 خول ملے ہیں، جائے وقوع کی سی سی ٹی وی بھی حاصل کی گئی ہے جس میں فائرنگ کے بعد ملزمان کو فرا رہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔
مقتول اسکول ٹیچر پی ایس پی کا سرگرم کارکن تھا ، واقعے کے بعد پی ایس پی رہنما ارشد ووہرا اور دیگر کارکنان بھی عباسی اسپتال پہنچے۔ ارشد ووہرا کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ اب تک پی ایس پی کے 7 کارکنان مارے گئے ہیں۔
ضابطے کی کارروئی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ بچہ صبور زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔