Time 15 فروری ، 2022
کاروبار

مِنی بجٹ میں طبی سامان پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے 100 مفت آپریشنز رک گئے

کراچی: مِنی بجٹ میں طبی سامان پر سیلز  ٹیکس چھوٹ ختم ہونے کی وجہ سے 100 مفت آپریشن رک گئے۔

اطلاعات کے مطابق گھٹنے اور کولہے کی مفت تبدیلی کیلئے طبی سامان ائیرپورٹ پر روک لیا گیا، معروف آرتھوپیڈک سرجن عمر برنی ہرسال امریکا سے آکر 100 مفت آپریشن کرتے ہیں۔

مِنی بجٹ میں طبی سامان پر سیلز ٹیکس ڈیوٹی لگنے  پر کسٹمز  نے سامان روک لیا، 2016 سے ہر سال انڈس اسپتال میں گھٹنے اور کولہے کی تبدیلی کے 100 مفت آپریشن ہوتے ہیں، اس سال بھی اسپتال میں 100 مریضوں کے آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن مریضوں کے آپریشنز ہونے  تھے انہیں اسپتال میں داخل بھی کرلیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عمر برنی کا کہنا ہے کہ طبی سامان پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کی وجہ سے آپریشنز  روکنے  پڑے ہیں، طبی سامان اوور سیز پاکستانیوں کے چندے اور زکوٰۃ سے امریکا میں خریدا تھا، ہر سال تمام آپریشن مفت کیے جاتے ہیں، انڈس اسپتال میں گھٹنے کولہے کی تبدیلی کےمفت آپریشن کی2027  تک کی تاریخیں دی جاچکی ہیں۔

ڈاکٹر عمر برنی کا کہنا ہے کہ طبی سامان روکےجانےسےاسپتال میں داخل مریض بھی پریشان ہیں۔

مزید خبریں :