پاکستان
16 فروری ، 2012

آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بد ترین شکست ہوگی، چوہدری نثار

آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بد ترین شکست ہوگی، چوہدری نثار

راولپنڈی … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سیاسی تاریخ کی بد ترین شکست ہوگی،ان کا کہنا ہے کہ اگر حکمرانوں کا عدالتی احتساب سے کچھ بچ گیا تو عوام آئندہ انتخابات میں حساب برابر کر دیں گے۔ انہوں نے یہ باتیں راولپنڈی کے نواحی قصبہ سروبہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ عدالتی احتساب سے بچنے کی نت نئی تدبیریں کرنے والے عوام کے کڑے احتساب سے نہیں بچ پائیں گے، گزشتہ 4 سال میں عوام کے چولہے ٹھنڈے اور حکمرانوں کے محل وسیع ہوگئے، لیکن حکمرانوں کی 4 سال کی وعدہ خلافیاں اور نا اہلیاں اب ان کے گلے کا طوق بنتی جا رہی ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن نے حکومت کے ہر منفی کام کے آگے دیوار کھڑی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی نا اہلی کی وجہ سے ٹیسٹ ٹیوب سیاست دان بھی خود کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جن کی زندگی کا زیادہ حصہ یورپ کے نائٹ کلبوں میں گزرا وہ عوام کو سہانے خواب دکھا کر بے وقوف بنا رہے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حیرت ہے کہ انہوں نے سیاست کو کرکٹ کا کھیل سمجھ لیا ہے لیکن سیاست اگر اتنی آسان ہوتی تو دنیا کا ہر کھلاڑی کسی نہ کسی ملک کا لیڈر ہوتا۔

مزید خبریں :