09 مارچ ، 2022
پاکستان میں شمالی کوریا کے سفارت خانے نے اسلام آباد پولیس پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگادیا۔
شمالی کوریا کے سفارت خانےکی جانب سے پاکستانی وزرات خارجہ اور آئی جی اسلام آباد کو احتجاجی خط لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ تھانہ شالیمار پولیس7 مارچ کو سفارت خانے کے پچھلے گیٹ سے داخل ہوئی اور سفارت خانےکے اہلکاروں کو ہراساں کیا۔
خط کے متن کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے سفارت خانے کے اندر دروازوں کو بھی توڑا گیا۔
شمالی کوریا کے سفارت خانےکی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہےکہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہےکہ ویانا کنونشن سفارتی تعلقات سے متعلق ایک کثیرالجہتی معاہدہ ہے جسے اپریل 1961 کو ویانا کانفرنس میں منظور کیا گیا تھا اور اس پر دنیا کے تمام ہی ممالک نے دستخط کررکھے ہیں۔
ویانا کنونشن کسی بھی ملک میں غیر ملکی سفیروں کی جان و مال اور عزت کے تحفظ کی ذمہ داری میزبان ملک پر عائد کرتا ہے، اس کے تحت غیر ملکی سفیروں کی رہائش گاہوں، ان کے اہل خانہ، خط و کتابت اور ڈاک کو بھی تحفظ حاصل ہے۔