13 مارچ ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ وہ چیئرمین بعد میں اور کرکٹر پہلے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رمیز راجا کا کہناتھا کہ وہ ہر چیز کو کرکٹ کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پنڈی کی وکٹ پر شائقین کا جو غصہ تھا وہ جھنجھلاہٹ میری بھی تھی، اس کو کلیئر کرنا چاہ رہا تھا کہ پنڈی کی وکٹ کس طرح بنی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں بہت پیچھے ہے، انفرااسٹرکچر کے حوالے سے بھی اور وکٹ کے حساب سے بھی، تو ہمیں اس پر بہت کام کرنا پڑے گا جس میں ہمیں وقت لگے گا۔
رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے، ہم نے چھوٹے چھوٹے قدم لے کر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کی ہے، آسٹریلیا کی فل اسٹرینتھ ٹیم آئی تو شائقین کی بڑی تعداد بھی اسٹیڈیم میں نظرآئی آسٹریلیا کے خلاف سیریز مختلف لحاظ سے بہت اہم ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے بھی یہ سیریز بہت اہم ہے، کوشش کریں گے پاکستان کی وکٹوں میں جان ڈالیں لیکن اس کام میں وقت لگے گا۔
سندھ میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زاہد محمود، شاہ نواز دھانی سندھ میں ٹیلنٹ کی مثالیں ہیں، ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کہ ایسے اسپاٹ بتائیں کہ جہاں سے ہم ٹیلنٹ تلاش کر سکیں۔