14 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کی طبی رپورٹس دیکھنے والے ذرائع نے بتایا ہے کہ جب جہانگیر ترین لندن پہنچے تو ان کی حالت نازک تھی۔
جہانگیر ترین کی طبی رپورٹس دیکھنے والے ذرائع نے جیو نیوز سےگفتگو میں بتایا کہ جہانگیر ترین لندن میں ایک ہفتہ ہارلے اسٹریٹ کے کلینک میں زیرعلاج رہے، اب وہ آکسفورڈ کے قریب نیوبری میں فیملی کےہمراہ آرام کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق برطانیہ آنے سے قبل جہانگیر ترین شوکت خانم اسپتال لاہور میں بھی زیر علاج رہے جہاں سے طبیعت بگڑنے پر وہ ائیر ایمبولینس کے ذریعے لندن آئے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے برطانیہ لانے پر ایک لاکھ پاؤنڈ سے زائد اخراجات آئے۔
طبی ذرائع کے مطابق انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ جہانگیر ترین کو کینسر کے متعلق کوئی مسئلہ ہے۔
طبی رپورٹس کے مطابق جہانگیر ترین پاکستان میں کورونا میں مبتلاہوئے تھے، جہانگیر ترین کو کورونا کے بعد کے اثرات کا سامنا تھا۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اب روبہ صحت ہیں اور فون کے ذریعے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔