Time 16 مارچ ، 2022
پاکستان

الیکشن کمیشن کے حکم کیخلاف جلسے کرنے پر عمران خان کو سزا دی جائے، ن لیگ کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن کے حکم کے خلاف جلسے کرنے اور ریاستی وسائل کے استعمال پر وزیراعظم عمران خان کو سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی جرم ہے اور عمران خان کو اس کی سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی شقوں234،233،181 کے تحت عمران خان کےخلاف کارروائی کرے اور ریاستی وسائل کے استعمال کی خلاف ورزی پر عمران خان کو سزا دی جائے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عمران خان اپنے طرزِ عمل سے بتارہے ہیں کہ انہیں آئین اور قانون کا احترام نہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن ایس 233 کے تحت عمران خان کو سزا دی جائے، ایک طرف پوری قوم، آئین اورقانون ہے، دوسری طرف عمران خان تنہا کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آج تقریرمیں اربوں کی غیرقانونی فارن فنڈنگ،ذاتی ملازمین کے ذریعے منی لانڈرنگ کا حساب لے کرآئیں، معاشی تباہی،بیروزگاری اور مہنگائی کا اعمال نامہ لے کر آئیں اور ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا حساب لے کر آئیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شرکت سے منع کیا تھا تاہم نوٹسز کے باوجود عمران خان جلسوں میں شرکت کرر ہے ہیں۔

مزید خبریں :