Time 23 مارچ ، 2022
پاکستان

یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور اسلام آباد میں ہونے والی پریڈ میں ملکی دفاعی قوت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

یوم پاکستان کے موقع پر نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

دن کا آغاز  توپوں کی سلامی سے ہوا جہاں وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ اسلام آباد میں ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے حصہ لیا۔

خطے میں فضائی سبقت قائم کرنے والے جے 10 سی لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ  کیا جبکہ پاکستان کے دفاع کے ضامن دور مار میزائل، ملک میں تیار کیے گئے الخالد ٹینک، آرٹلری، ائیر ڈیفنس اور جنگی ہیلی کاپٹرز سمیت دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے ہتھیاروں کی نمائش  کی گئی۔

ایس ایس جی کمانڈوز نے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ مہمان خصوصی صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہان بھی سلامی کے چبوترے پر موجود رہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں آئے مہمانوں نے بھی پریڈ میں خصوصی شرکت کی۔

برادر اسلامی ملکوں سعودی عرب، ترکی، بحرین اور آذربائیجان کے فوجی دستوں نے بھی یومِ پاکستان کی پریڈ میں شرکت کی۔ پریڈ میں مسلح افواج میں شامل خواتین پر مشتمل دستے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اسکاؤٹس بھی شریک تھے۔

دوسری جانب  مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ 

مزید خبریں :