30 مارچ ، 2022
مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے وزیراعظم عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد عمران خان چیئرمین پی اے سی بننا چاہیں تو تیار ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چیئرمین پی اے سی بننےکا مشورہ نہیں دے رہا بلکہ یہ ان کا حق ہے، ہمیشہ سے یہی پریکٹس رہی ہے ، پر ان کی عادت نہیں کام کرنےکی، عمران خان کام کرتے تو آج اس حد تک نہ پہنچتے۔
رانا تنویر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹریننگ اللہ ہی کرے ، تین سال تو ان کی ٹریننگ ہوئی نہیں، ہماری کوشش ہے انتخابات جلد از جلد ہوں، فیصلہ متحدہ اپوزیشن کرے گی، 'بڑے میاں' کی اجازت سے پرویز الہٰی کو وزرات اعلیٰ کی آفر کی تھی ۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے لیے اللہ خیر کرے ، وہ یک طرفہ چلتے آئے ہیں، چیئرمین نیب نے حکومت کے اسکینڈلز کی طرف مڑ کر دیکھا بھی نہیں، انتخابی اصلاحات اور نیب میں بہتری لانا ہماری ترجیحات ہوں گی۔