01 اپریل ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان قومی اسمبلی کو وضاحت کیلئے دیا گیا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد ان کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کیلئے دیا گیا وقت ختم ہوگیا ہے، وزیراعظم نے منحرف اراکین کے جوابات نا معقول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیے ہیں۔
تحریک انصاف کے مطابق وزیراعظم نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر کیانی کی ملاقات ہوئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز تیار کرلیے گئے ہیں ، منحرف اراکین کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے۔
بابر اعوان کے مطابق وزیراعظم نے بےضمیر اراکین کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے، دستور اراکین پارلیمان پر صداقت و امانت کی بنیادی شرط عائد کرتا ہے، ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارٹی سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے، منحرف اراکین کیخلاف قانونی کارروائی کے تحت ریفرنسز جلد اسپیکر کو بھجوادیں گے۔
خیال رہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر تقریباً 13 ارکان قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے تقریباً 22 ارکان قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پر وزیراعظم عمران خان کیخلاف ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 اپریل بروز اتوار ہوگی جس کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے 11 بجے طلب کرلیا گیا ہے۔