03 اپریل ، 2022
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو ابھی تک سمجھ ہی نہیں آرہی کہ ہوا کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کل شام کو آپ سب کو کہنا پڑا تھا گھبرانا نہیں، ابھی تک اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی ہوا کیا ہے،کل اگر بتادیتا تو اپوزیشن کو آج دھچکہ نہیں لگتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا جو اجلاس ہوا اس میں آرمی چیف سمیت تمام سروسز چیفس تھے، جو پیغام ہمارےسفیر کو دیا گیا وہ سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں زیربحث آیا، سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں بتایا گیا کہ یہ بیرونی سازش ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جو لوٹے ہوئے ان سے سفارتخانے کے لوگ باقاعدہ ملتے تھے ان کا کیا کام؟ تحریک عدم اعتماد بیرون ملک کی سازش تھی یہ سارا ایک کنکشن تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو ریمائنڈ کرانا چاہتا ہوں کہ آپ سب نے گھبرانا نہیں ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف آج تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا جس کے بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔
عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تاہم اپوزیشن نے اس سارے عمل کو غیر آئینی قرار دیا اور اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا۔
قومی اسمبلی کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے بھی ازخود نوٹس لے لیا ہے جس پر سماعت جلد متوقع ہے۔