06 اپریل ، 2022
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی ہے۔
آئی سی سی نے آج ٹیسٹ اور ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بیٹرز کی کیٹیگری میں آسٹریلیا کے مارنس لبو شین ٹیسٹ میں جبکہ ون ڈے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
اس کے علاوہ ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 2 سنچریوں کی بدولت 298 رنز بنانے والے امام الحق اور شاندار بولنگ کرنے والے شاہین آفریدی نے لمبی چھلانگ لگائی ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ:
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق بیٹرز میں آسٹریلیا کے مارنس لابو شین پہلی پوزیشن پر قرار ہیں جبکہ اسٹیو اسمتھ کا دوسرا،نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا تیسرا،انگلینڈ کے جو روٹ کا چوتھا اور پاکستان کے بابر اعظم کا پانچواں نمبر ہے۔
اس کے علاوہ ٹیسٹ بولرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون رینکنگ میں دوسرے نمبر پراور جسپریت بمرا ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے شاہین آفریدی کی رینکنگ میں ایک درجےترقی،چوتھے نمبر پر آگئے جبکہ جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا 2 درجے تنزلی کی بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز ینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی پہلی پوزیشن جبکہ روی چندرن ایشون کی دوسری پوزیشن برقرارہے۔
ون ڈے رینکنگ:
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کی پہلی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی، آسٹریلیا کے خلاف 2 سنچریاں اسکور کرنے کے بعدبابر کے رینکنگ پوائنٹس 872 سے 891 ہوگئے۔
اس کے علاوہ بھارت کے ویرات کوہلی 811 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے امام الحق رینکنگ میں تیسرے نمبر آگئے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد امام الحق کے رینکنگ پوائنٹس 795 ہوگئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وہ 746 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبرپر تھے۔
اس کے علاوہ ون ڈے بولرز رینکنگ کی بات کی جائےتو نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے کرس ووکس کا دوسرا اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا تیسرا نمبر ہے۔
پاکستان کے شاہین آفریدی 671 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئے ہیں اس سےقبل وہ 627 پوائنٹس کے ساتھ 15 ویں نمبر پر تھے۔
اس کے علاوہ ون ڈے آل راؤنڈرز میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔