07 اپریل ، 2022
حکومت مخالفت اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ جمہوری نظام پر حملہ ہے، قبول نہیں کرینگے،غیر آئینی اقدام کی فی الفور تنسیخ کی جائے۔
اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کا مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پراجلاس ہوا ہے جس کے بعدمیڈیا سے بات کرتےہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو سیاسی،معاشی عدم استحکام،انارکی کی طرف لے جایاجارہا ہے، نیشنل سکیورٹی سے وابستہ افراداپنی پوزیشن واضح کریں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ جمہوری نظام پرحملہ ہے،قبول نہیں کرینگے،غیرآئینی اقدام کی فی الفورتنسیخ کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وفاقی پارلیمانی نظام کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ جمعے کے روز یوم تحفظ آئین، یوم نجات، یوم تشکر منایا جائے گا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ تمام مساجد میں عوام کے اندر شعور بیدار کیا جائے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ تاخیر آئین شکنوں کے حوصلے بڑھاتی ہے ، جتنی تیز رفتاری سے آئین شکنی ہوئی ، عوام انصاف بھی اتنا ہی تیز ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چند سیکنڈ میں آئین پامال کرنے والوں کی کئی دن گزرنے کے باوجود گرفت نہ ہونا عوام کو پریشان کر رہا ہے ، وفاق کے بعد اب پنجاب میں کھلم کھلا آئین شکنی جاری ہے ۔