17 اپریل ، 2022
کراچی پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے ایک کارروائی کے دوران وکیل کی جعلی پلیٹس لگا کر گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل محمدطارق نواز کے مطابق اے وی ایل سی نارتھ ناظم آباد ڈویژن کے عملے نےکارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان شبیر اوڈھ اور شنیش کمار کو گرفتار کرکے چار سرقہ شدہ کاریں برآمد کرلیں، ملزمان کے قبضے سے ایک کلو 40 گرام چرس بھی برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ اورکراچی سےکاریں چوری کرنےکی درجنوں وارداتوں میں کراچی پولیس کو مطلوب تھے۔
ملزمان کے کے 4 ساتھیوں کو اے وی ایل سی جنوری 2022 میں دوران پولیس مقابلہ زخمی حالت میں گرفتار کرچکی ہے جو کہ تاحال جیل میں ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم شبیر اوڈھ چوری کی گا ڑی پر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر چلاتا تھا جس کے لیے اس نے وکیل کا جعلی کارڈ اور وکیل کا لباس بھی بنوایا ہوا ہے۔
ملزمان اپنے ساتھیوں کی مدد سے کراچی سے کاریں چوری کرکے بلوچستان میں فروخت کرتے ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے برآمد کار نمبر AKR-998 سوزوکی آلٹو جس پر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کی جعلی نمبر پلیٹ ہے جب کہ اصل رجسڑیشن نمبر AQQ-162 ہے، یہ گاڑی تھانہ حیدری مارکیٹ سے سرقہ شدہ ہے جس کا مقدمہ الزام نمبر 224/22 درج ہے۔
کار نمبر ASQ-564 ٹویوٹا کرولا تھانہ گلشن معمار سے چوری کی گئی جس کا مقدمہ الزام نمبر194/2022ہے۔
کار نمبر ANS-176میکر کورے تھانہ رانی پور ضلع خیر پور سے مسروقہ ہے جس کا مقدمہ الزام نمبر 54/2022ہے۔
کار نمبر AEF-882 سوزوکی کلٹس تھانہ سپر مارکیٹ سے چوری کی گئی جس کا مقدمہ الزام نمبر 127/2022 ہے۔
ملزمان کے عدم گرفتار مفرور ساتھی ملزمان اور مزید برآمد گی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔