21 اپریل ، 2022
وزیرِاعظم شہباز شریف کو ضلع دادو کے شہر میہڑ کے گاؤں فیض محمد دریانی چانڈیو میں آگ لگنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر متاثرہ گاؤں فیض محمد دریانی چانڈیو کے متاثرین کے لیے مالی امداد جاری ہے، مرحومین کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی تک ہر ممکن امداد فراہم رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی عفلت نہ برتی جائے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ابتدائی رپورٹ کے بعد آگ کی وجہ معلوم کرنےکی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیدیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تفصیلی رپورٹ میں غفلت کا پتا چلنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات یقینی بنائے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ سانحہ نہ بن جائے، سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل میہڑ کے گاؤں فیض محمد چانڈیو میں آتشزدگی سے 70 سے زائد مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تھے، حادثے میں 9 بچے جاں بحق اور 150 سے زائد جانور ہلاک ہو گئے تھے۔