24 اپریل ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ' شرم آنی چاہیے جو امریکا کی خوشامد کرتے ہوئے ’امر بالمعروف‘ جیسے اسلامی تصور کا مذاق اڑا رہے ہیں'۔
شیریں مزاری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ کی امریکا میں گفتگو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'مفتاح اسماعیل ’امر بالمعروف‘ جیسے اسلامی تصور کا مذاق اڑا رہے ہیں جبکہ ان کی بڑ بڑا ہٹ سے ان کی جہالت عیاں ہے'۔
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل نےگزشتہ دنوں امریکا میں آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے اپنی تحریک میں قرآنی اصطلاح ’امر بالمعروف‘ کا استعمال ایسے کیا جیسے وہ اچھائی ہیں اور ہم بُرائی ہیں۔
شیریں مزاری کے بیان پر حکومتی اتحاد میں شامل ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ'جہلا سے کیا شکوہ ،جب شیریں مزاری صاحبہ سیاست کے لیے مذہب کارڈ استعمال کریں ، خدارا سیاست میں اس آگ کو نہ گھسائیں۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے شیریں مزاری کے ٹوئٹ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات پی ٹی اے کو حکم دے کر مذہبی منافرت والے ٹوئٹس اور ٹوئٹر ہینڈل بند کرائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی سالانہ میٹنگ واشنگٹن میں ہو رہی ہے جس میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔