28 اپریل ، 2022
لنکا شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے رمضان میں مسلم کمیونٹی کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کو بھی مدعو کیا گیا۔
لنکاشائر کاؤنٹی کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے لیے افطار اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں رکھی گئی، افطار سے قبل حسن علی نے نوجوان کرکٹرز کے ساتھ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔
حسن علی نے لنکاشائر کے تین کلبوں کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اور بات چیت کی۔
حسن علی نے لنکاشائر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ افطار کی کرکٹ گراؤنڈ میں اکٹھے نماز ادا کی۔
اس موقع پر حسن علی کا کہنا تھا کہ مقامی مسلم کمیونٹی کو رمضان کے مہینے میں تقریب میں شامل کرنا لنکاشائر کا ایک اچھا اقدام ہے، لنکاشائر میں کرکٹ کے لیے بہت ٹیلنٹ اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ لنکاشائر میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ یہاں وقت گزارنا میرے لیے بہت اچھا لمحہ ہے۔
اس سے قبل حال ہی میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں تاریخ میں پہلی بار افطار کا اہتمام کیا گیا تھا۔