Time 28 اپریل ، 2022
پاکستان

منی لانڈرنگ کیس: عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرلی

لاہور کی خصوصی عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع کردی— فوٹو: فائل
لاہور کی خصوصی عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع کردی— فوٹو: فائل

وزیر اعظم شہباز شریف اور  نو متخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے تفتیشی افسر کا سندھ تبادلہ کردیا گیا جبکہ لاہور کی خصوصی عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع کردی۔

 اسپشل سینٹرل کورٹ کے جج  نے ریمارکس دیے کہ حاضری معافی کی درخواست ایسے کب تک چلے گی؟ آئندہ سماعت پر دلائل دیں یا فرد جرم عائد ہوگی۔

اسپشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے وزیراعظم اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔

وکلا نے شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کابینہ اجلاس میں مصروفیت کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرلی۔

دوران سماعت وکیل امجد پرویز نے بیان دیا کہ عدالت لمبی تاریخ دے، یقین دلاتے ہیں وزیراعظم خود عدالت میں پیش ہوں گے۔

امجد پرویز نے کہا کہ اس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ آئندہ سماعت پر دلائل دیں یا ہم فرد جرم عائد کریں گے۔

دوران سماعت ایف آئی نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر کا سندھ تبادلہ کردیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم اختر کو نیا تفتیشی افسر تعینات کیا گیا ہے۔ نئے تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ ابھی کیس کا جائزہ لینا ہے لہٰذا عدالت مہلت دے۔

سپیشل سنٹرل کورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14مئی تک توسیع کردی۔ 

بعد ازاں حمزہ شہباز نے عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ عمران خان ان کی حلف برداری میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

مزید خبریں :