پاکستان
Time 30 اپریل ، 2022

کراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 45 ڈگری تک محسوس ہونے لگا

کراچی میں پارہ 40 جبکہ اندرون سندھ کے کچھ اضلاع میں 49 اور کہیں 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے/فوٹوفائل
 کراچی میں پارہ 40 جبکہ اندرون سندھ کے کچھ اضلاع میں 49 اور کہیں 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے/فوٹوفائل

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ  ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد ہے جبکہ گرمی کی شدت 45  ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق مغرب سے 18کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں  جس کے باعث شہر قائد سمیت اندرون سندھ کے کئی شہروں میں ہیٹ ویو کے دوران آج اور کل گرم ترین دن ہو سکتے ہیں۔

گرمی کی شدت میں اضافے اور گلیشیئر  پگھلنے کے باعث شمالی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے جس کے لیے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی  شیری رحمان  نے این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے کوسیلاب سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیرکے احکامات جاری کردیے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے مغربی علاقوں میں بارش برسانے والا مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم کل سے داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 5 مئی تک رہے گا جس کے ذریعے اسلام آباد، راولپنڈی،  مری،  ملتان، خوشاب،  ڈیرہ غازی خان، سکھر، کوئٹہ، چاغی اور سبی سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، بدین اور ٹھٹہ میں تیز ہواؤں اور آندھی کا امکان ہے۔