06 مئی ، 2022
کراچی کے علاقے کلفٹن دو دریا کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، تیز رفتار کار بے قابو ہوکر اُلٹی اور قلابازیاں کھاتی ہوئی بجلی کے پول سے ٹکراگئی، تصادم کے بعد کار میں آگ لگ گئی جس سے اندر بیٹھے دو شہری جاں بحق اور دو جھلس کر زخمی ہوگئے۔
جان لیوا حادثہ کلفٹن کے علاقے دو دریا میں پیش آیا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ سفید رنگ کی کار تیز رفتاری کے باعث پہلے بے قابو ہوئی اور پھر قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑک کنارے نصب بجلی کے پول سے ٹکراگئی۔
پول سے ٹکراتے ہی کار میں آگ لگی جس سے اندر بیٹھے چار افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
موقع پر موجود شہریوں نے چاروں زخمیوں کو جلتی ہوئی کار سے نکالا اور تشویشناک حد تک جھلسے ہوئے دو زخمیوں کو سول اسپتال جبکہ باقی دو کو جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ریحان اور داوڑ نامی زخمی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ واحد اور چوتھا زخمی زیر علاج ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان ڈیفنس فیز 8 کے رہائشی اور دوست تھے جو اپنے ڈرائیور کے ہمراہ نکلے تھے، ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ جاں بحق نوجوان گاڑی چلا رہے تھے اور زخمی پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے کیونکہ ان دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
موقع پر کوئی کیمرا نصب نہیں ہے اور زخمیوں کے بیان کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔
خیال رہے کہ دو دریا والی یہ وہ سڑک ہے جہاں ماضی میں بھی تیز رفتاری اور ریسنگ کے باعث کئی نوجوان اپنی زندگی گنوا چکے ہیں جبکہ کئی شدید زخمی ہوکر معذور ہوچکے ہیں لیکن اس کے تدارک کے لیے تاحال کوئی مربوط لائحہ عمل نہیں بنایا جاسکا ہے۔