09 مئی ، 2022
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے افواج پاکستان کیخلاف بیانات اور الزامات پر قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں انہوں نے تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج پر الزام لگا ئے۔
قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ مسلح افواج نے پاکستان کے خلاف سازش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کی سرحدوں کا بلا خوف و خطر دفاع کررہی ہیں اور ملکی دفاع کیلئے بے شمار قربانیاں دے رہی ہیں، مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف بھی نبرد آزما ہیں، سیاسی مقصد کے حصول کیلئے کسی بھی ریاستی ادارے پر الزام تراشی ملکی مفاد کے خلاف ہے۔