آئندہ بجٹ نوجوانوں کا بجٹ ہو گا: احسن اقبال

عمران خان نے سی پیک کو سرد مہری کا شکار رکھا لیکن اب سی پیک کا ہر 15 روز میں جائزہ اجلاس ہو گا: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل
عمران خان نے سی پیک کو سرد مہری کا شکار رکھا لیکن اب سی پیک کا ہر 15 روز میں جائزہ اجلاس ہو گا: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ نوجوانوں کا بجٹ ہو گا، نوجوانوں کی تربیت کے منصوبے لائے جائیں گے۔

لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے سی پیک کو نظر انداز کیا، عمران خان نے سی پیک کو سرد مہری کا شکار رکھا لیکن اب سی پیک کا ہر 15 روز میں جائزہ اجلاس ہو گا، چینی کمپنیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے اور سی پیک کے منصوبوں میں سکیورٹی مزید بہتر بنائیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں بڑی کٹوتی کی اور ترقیاتی بجٹ کو کم کرکے 500 ارب کر دیا گیا، آئندہ بجٹ نوجوانوں کا بجٹ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کی تربیت کے منصوبے لائیں گے، نوجوانوں کو روزگار، کھیل اور تفریح کے مواقع فراہم کریں گے، نوجوانوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے لیے فنڈز بڑھائیں گے، تکمیل کے قریب منصوبے مکمل کرنا بھی ترجیح ہے، منصوبے تیزی سے مکمل کرکے عوام کو فائدہ پہنچائیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ بلوچستان میں ترقی کی رفتار تیز کرے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن پہنچے ہیں جہاں وہ آج پارٹی قائد نواز شریف سے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مزید خبریں :