18 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےکوہاٹ میں ہونے والے جلسے میں لائٹنگ کے ناقص انتظامات پر پولیس نے ٹھیکیدارکو تھانے میں روک لیا۔
ٹھکیدار شیخ انوار کے مطابق پولیس نےگزشتہ 24گھنٹوں سے جنگل خیل تھانے میں رکھا ہوا ہے۔
ٹھکیدار کا کہنا ہےکہ پولیس نے رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی کی شکایت پر روک رکھا ہے، لائٹنگ اور تمام انتظامات مکمل تھے لیکن طوفان کی وجہ سے بجلی کے چند کھمبے گرگئے تھے۔
ٹھیکیدار کے مطابق شہریارآفریدی کے ذمہ 35 لاکھ روپے کی رقم بھی واجب الادا ہے۔
دوسری جانب کوہاٹ پولیس کا کہنا ہےکہ شہریار آفریدی نے شکایت کی تھی ٹھیکیدار نے لائٹنگ کا کام صحیح نہیں کیا، ٹھیکیدار کو تھانے میں بلاکر تنبیہ کی اور چھوڑ دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے کوہاٹ میں جلسہ کیا تھا جس سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی خطاب کیا تھا۔
جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا اسٹیڈیم تو بھرا ہوا ہے لیکن آدھا اسٹیڈیم نظر ہی نہیں آرہا کیونکہ لائٹنگ ٹھیک نہیں ہے۔
عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریار آفریدی کا انتظام اتنا کمزور تھا، شہریار آفریدی آئندہ کسی اور کو انتظام دینا۔