’پرویز الٰہی نے گجرات سے غنڈے بلوا کر پنجاب اسمبلی پر قبضہ کر رکھا ہے، تصاویر موجود ہیں‘

جب اجلاس بلایا گیا ہے تو ہر رکن کو شرکت کرنے کا حق ہے، ہم سب مل کر ساتھ جائیں گے اور اسمبلی کے دروازے کھلوائیں گے: رہنما مسلم لیگ ن۔ فوٹو: فائل
جب اجلاس بلایا گیا ہے تو ہر رکن کو شرکت کرنے کا حق ہے، ہم سب مل کر ساتھ جائیں گے اور اسمبلی کے دروازے کھلوائیں گے: رہنما مسلم لیگ ن۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں چوہدیر پرویز الہٰی کے غنڈوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، پرویز الٰہی نے گجرات سے غنڈے بلوائے ہیں جن کی تصاویر بھی موجود ہیں۔

لاہور اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کی طرف سے 25 ارکان کو ابھی ڈی نوٹیفائی نہیں کیا گیا، تمام ارکان کے ساتھ اسمبلی کی طرف جا رہے ہیں لہذا اسمبلی کے دروازے کو کھولا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک تصویر ابھی ریلیز کرنے جا رہا ہوں، پرویز الہٰی نے غنڈوں، بد معاشوں اور ذاتی ملازمین کے ذریعے اسمبلی کو سیل کیا ہوا ہے، میڈیا اور ایم پی ایز کو اسمبلی کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپ نے عادت بنالی ہے، آپ اس ایوان کی بے حرمتی کرنا چاہتے ہیں، آپ نے کئی بار اجلاس بلا کر ملتوی کیا، جب اجلاس بلایا گیا ہے تو ہر رکن کو شرکت کرنے کا حق ہے، ہم سب مل کر ساتھ جائیں گے اور اسمبلی کے دروازے کھلوائیں گے، اسمبلی کو سیل کرنا غیر آئینی غیر قانونی اقدام ہے۔

لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی ٹیم کو بھی اسمبلی کے اندر نہیں جانے دیا گیا، آپ کے خلاف آئینی طور پر عدم اعتماد کی تحریک آئی ہے، آپ کے غیر آئینی اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کے اندر کچھ لوگوں کو رات میں سلایا گیا جبکہ اسپیکر اسمبلی اپنے گھر کے اندر چھپ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہے، اسمبلی ضرور جائیں گے، پارلیمانی روایات کو بے توقیر کیا جا رہا ہے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ یہ 12 کروڑ عوام کا ایوان ہے، انہوں نے پچھلے اجلاس میں بھی حملے کرائے تھے، ہم نے پارلیمنٹ کی بالادستی کا حلف لیا ہے اور ہم اپنے حلف کی پاسداری کرتے رہیں گے۔