25 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گزشتہ دوروز میں حکومت اور اداروں سے رابطوں کاانکشاف ہوا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق رابطوں میں معاملات کا درمیانی راستہ نکالنے اور فیس سیونگ کی درخواست کی گئی اور پی ٹی آئی نے درخواست کی کہ انتخابات کیلئے سات آٹھ ماہ بعد کی ہی تاریخ دے دی جائے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسدقیصر نے ایازصادق سے رابطہ کیا اور مذاکرات کی درخواست کی لیکن ن لیگ نے مذاکرات کا معاملہ نوازشریف کے سامنے رکھا تو انہوں نے انکار کر دیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت کے انکار کے بعد پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں نے اداروں سے رابطہ کیا، اداروں سے ملک احمد خان اور احسن اقبال کے ذریعے بات چیت کی درخواست کی گئی۔
حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے اداروں سے حکومت سے بات کرکے اس صورتحال سے محفوظ راستہ مانگا اور حکومت نےایک بارپھرپی ٹی آئی کو محفوظ راستہ دینے سے انکارکردیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے تجویزدی کہ عمران خان خود مذاکرات کی خواہش کا اعلان کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے لیکن اب تک کوئی بھی کارکن ڈی چوک نہیں پہنچ سکا ہے۔