Time 30 مئی ، 2022
پاکستان

ملزم نے کے ایم سی کے دفتر میں گھس کر اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹر کو قتل کردیا

کراچی کے علاقے جوبلی مارکیٹ میں کے ایم سی کے دفتر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول محمد علی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں ہیڈ کلرک اور انسپکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے عہدے پر فائز تھا۔

کے ایم سی کے دفتر میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا مقتول انسپکٹرصبح سٹی کورٹ میں قبضہ مافیا کے خلاف مقدمے میں پیش ہوا تھا۔

اینٹی انکروچمنٹ سیل نے مقتول انسپکٹر محمد علی کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا تھا ۔

ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل بشیر صدیقی نے بتایا کہ محمد علی جھٹ پٹ مارکیِٹ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے حوالے سے عدالتی سماعت سے واپس آیا تھا، محمد علی چار سال پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ تعینات ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن کی وجہ سے ہم پر حملے ہوتے رہتے ہیں، یہ پہلا واقعہ ہے کہ دفتر میں فائرنگ کرکے کسی افسر کو قتل کیا گیا، ماضی میں بھی دو ڈپٹی ڈائریکٹر شہید ہوچکے ہیں۔

بشیرصدیقی نے مزید کہا کہ کے ایم سی آفس کے کسی دفترمیں کوئی سکیورٹی نہیں ہوتی، اینٹی انکروچمنٹ سیل ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 20 سے 25 افراد کا عملہ تعینات ہے۔

مزید خبریں :