پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے دورہ ترکی کی تشہیرکیخلاف درخواست خارج کردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے سرکاری دورہ ترکی کی تشہیر کے خلاف  درخواست  خارج کردی ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی رہنما علی نواز  اعوان کی درخواست پر سماعت کی۔

پٹیشنرکی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم کے دورہ ترکی پر میڈیا میں اربوں روپےکے اشتہارات پبلک فنڈز  سے شائع کرائے گئے جو عوامی پیسےکا غلط استعمال ہے، یہ رقم ان کی جیب سے وصول کرنےکا حکم دیا جائے۔

 عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئےکہا کہ عدالت نے وزیر اعظم کے سرکاری دورہ ترکی سے قبل اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات کا بغور جائزہ لیا ہے، اشتہار میں ایسا کوئی مواد نہیں جسے وزیراعظم کی خودنمائی سمجھا جاسکے، اشتہار  پاکستان اور ترکی کے خصوصی تعلقات سے متعلق ہے جس میں ترک صدر کی تصویر  بھی شائع ہوئی، یہ خود نمائی کا معاملہ نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

عدالت نے مزیدکہا کہ پاکستانی عوام اور ترکی کے درمیان قابل رشک تعلقات اتنے خاص اور  مضبوط ہیں کہ انہیں اس قسم کی حوصلہ افزائی کی ضرورت نہیں، عدالت توقع کرتی ہےکہ عوامی فنڈز  سے اشتہارات کی اشاعت کے لیے سپریم کورٹ کے مشاہدات کو مدنظر رکھا جائےگا۔

مزید خبریں :