14 جون ، 2022
لاہور سے دوحہ جانے والی غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز نے فنی خرابی کی وجہ سے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی تاہم اس دوران مسافر اور عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر ائیرویز کی شیڈول پرواز کیو آر 629 نے آج صبح مقررہ وقت سے دو منٹ پہلے 9 بج کر 43 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے دوحہ کے لیے ٹیک آف کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ آدھا سفر طے کر چکا تھا اور منزل کی طرف رواں دواں تھا کہ پاکستان سے ایران کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی بوئنگ 777 طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی، رابطہ کرنے پر کنٹرول ٹاور نے کپتان کو پرواز کو کراچی لے جانے کا مشورہ دیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ کراچی ائیر پورٹ پر بحفاظت لینڈ کرگیا، طیارے میں 200 مسافر سوار تھے جو محفوظ رہے۔