Time 05 جنوری ، 2023
کھیل

5 جنوری: کیسے ایک ٹیسٹ میچ ون ڈے کرکٹ کی شروعات کا باعث بنا؟

کرکٹ کو 19 اور 20 ویں صدی میں عالمی سطح پر پذیرائی ملی—فوٹو: فائل
کرکٹ کو 19 اور 20 ویں صدی میں عالمی سطح پر پذیرائی ملی—فوٹو: فائل

خیال کیا جاتا ہےکہ کرکٹ کا آغاز 16 ویں صدی کے آخر میں جنوب مشرقی انگلینڈ سے ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ 18ویں صدی میں انگلینڈ کا قومی کھیل بن گیا۔

بعد ازاں کرکٹ کو 19 اور 20 ویں صدی میں عالمی سطح پر پذیرائی ملی، انٹرنیشنل کرکٹ کی بات کی جائے تو وہ 19 ویں صدی سے شروع ہوئی اور پہلا ٹیسٹ میچ 15 مارچ 1877 کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا تاہم وقت کے ساتھ اس کھیل کے فارمیٹ میں تبدیلیاں آتی گئیں اور پھر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ متعارف ہوئی۔

پر کیا آپ جانتے ہیں ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ایک روزہ میچ کی شروعات کیسے ہوئی؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نہیں جانتے تو  آج جان لیں کہ کیسے ایک ٹیسٹ میچ ہی ون ڈے کرکٹ کی شروعات کا باعث بنا تھا۔

5 جنوری 1971 کو انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا،دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ون ڈے اصل میں ایشز سیریز کا ایک ٹیسٹ میچ تھا جسےایک روزہ میچ میں تبدیل کیا گیا۔

اصل کہانی کیا ہے؟

دراصل ہوا کچھ یوں تھا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ایشز سیریز جاری تھی کہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تین دن بارش کی نذر ہوگئے تھے اور میچ ختم کرنا پڑا جس کے نتیجے میں آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا تھا۔

تاریخ بتاتی ہے کہ اس وقت آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد یہ بات چیت ہوئی کہ 1963 سے جاری انگلستان میں ڈومیسٹک کپ   Gillette کی طرز پر ایک روزہ میچ کھیلا جائے جب کہ ایک سفارش یہ بھی تھی کہ سیریز کے آخر میں ایک اضافی ٹیسٹ میچ کرایا جائے۔

تاہم دونوں ٹیموں کی جانب سے غورو فکر کے بعد  ٹیسٹ میچ ختم ہونے کی وجہ سے ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے سیریز کے آخر میں ایک اضافی ٹیسٹ کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے ختم ہوئے ٹیسٹ کے پانچویں دن  ایک روزہ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اس وقت کے آسٹریلیا کے مقامی اخبار نے اپنی سرخی میں اس میچ کو'Little Test' کا نام دیا جب کہ براڈ کاسٹر نے اسے انٹرنیشنل ناک آؤٹ میچ قرار دیا۔

براڈ کاسٹرز نے اس ون ڈے میچ کو انٹرنیشنل ناک آؤٹ میچ قرار دیا—فوٹو: کرک انفو
براڈ کاسٹرز نے اس ون ڈے میچ کو انٹرنیشنل ناک آؤٹ میچ قرار دیا—فوٹو: کرک انفو

یوں 5 جنوری 1971کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیلا گیا۔ اس میچ کی ایک خصوصی بات یہ بھی تھی کہ اس میچ میں ہر ٹیم  کو 40  اوور کھیلنے تھے جب کہ ایک اوور 8گیندوں پر مشتمل تھا، مقررہ اوورز میں  زیادہ رنز بنانے والی ٹیم فاتح قرار پائے گی، اس کے علاوہ ایک بولر کو زیادہ سے زیادہ 8 اوورز کرانے کی اجازت تھی۔

پہلی نصف سنچری؟، پہلی وکٹ کس نے لی؟،  پہلا چھکا کس نے مارا؟ 

آسٹریلیا نے بِل لوری کی قیادت میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ سست رہی، یوں رے النگ ورتھ کی کپتانی میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 7 باؤنڈریز ہی لگاسکی، انگلش ٹیم 39.4 اوورز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جان ایڈرک نے ون ڈے کرکٹ کی پہلی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 119 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے ایلن تھامسن ون ڈے کرکٹ میں پہلی وکٹ لینے والے بولر بنے،کینگروز کی طرف سے اسٹیک پال اور ایشلے میلٹ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے 191 رنز کا ہدف 35 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، ای این چیپل نے شاندار 60 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 5 چوکے اور ون ڈے کرکٹ کا پہلا چھکا  بھی مارا۔ 

ٖفوٹو: اسکرین گریب/کرک انفو
ٖفوٹو: اسکرین گریب/کرک انفو

یوں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو  5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔  ون ڈے کرکٹ کے پہلے مین آف دی میچ انگلینڈ کے جان ایڈرک قرار پائے تھے۔

1971 سے شروع ہونے والے کرکٹ کے اس فارمیٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور 1975میں پہلی بار ورلڈکپ کا انعقاد کیا گیا جب سے  اب ہر چار سال بعد ورلڈکپ ہوتا ہے۔

مزید خبریں :