پاکستان

عمران خان کا این اے 240 کراچی میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینےکا مطالبہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار  دینے اور نیا انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے240 میں شفاف انتخاب کرانے میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی مایوس کن رہی ، 8 فیصد ٹرن آؤٹ عوام کا انتخابی عمل سے لاتعلقی کا اظہار ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ کا ضمنی انتخاب 40 فیصد ٹرن آؤٹ کے باوجود کالعدم قرار دیا، فیصلہ سازی میں دہرے معیار  الیکشن کمیشن کے کردار  پر سنجیدہ  سوالات اٹھاتے ہیں۔

خیال رہےکہ 16 جون کو کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے محمد ابوبکر نے میدان مار لیا، الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں پولنگ کا ٹرن اور 8.38 فیصد رہا۔

واضح رہےکہ اس ضمنی انتخاب میں 25 امیدوار میدان میں تھے اور یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، پی ٹی آئی نے اس الیکشن میں حصہ نہیں لیا تھا۔


مزید خبریں :