20 جون ، 2022
کراچی کے علاقے میں منگھوپیر کے خالی میدان سے خاتون کی لاش ملی ہے۔ لاش کے نیچے 4 سے 5 سال کی بچی بھی دبی ہوئی تھی، بچی نے اپنی معصوم زبان میں واقعہ تو بیان کیا مگر اس کی زبان پولیس سمجھنے سے قاصر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منگھوپیر ونگی گوٹھ کے قریب 20 سے 25 سالہ خاتون کی لاش ملی ہے۔ لاش کےنیچے ایک 4 سے 5 سال کی زندہ بچی دبی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق لاش اور بچی کی اطلاع قریب سے گزرنے والے چرواہے نے دی۔
کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔ جائے وقوع سے گولیوں کے دو خول بھی ملے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر خاتون کو گزشتہ رات فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہو۔ خاتون کے سر پر چوٹ کا بھی نشان ہے۔ موت کی وجہ حتمی طور پر پوسٹ مارٹم کے بعد پتہ چلے گی۔
اب تک کی تفتیش کے مطابق بچی رات بھر لاش کے نیچے دبی رہی، بچی کم عمر ہے اور متضاد بیانات دے رہی ہے۔ رات بھر خاتون کے نیچے دبے ہونے کی وجہ سے بچی کی ٹانگ پر سوجن ہے۔ خاتون اور بچی کی شناخت بھی تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔