22 جون ، 2022
سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ اور حاکم علی زرداری کی دوسری اہلیہ مرحومہ زریں آرا کی تدفین ان کے آبائی شہر نواب شاہ میں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق والدہ کی تدفین میں شرکت کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، محترمہ فریال تالپور، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، آصفہ بھٹو، بختاور بھٹو، خاندان کے دیگر افراد اور پارٹی رہنما کراچی سے خصوصی فلائٹس سے نواب شاہ پہنچیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ مرحومہ کو آبائی قبرستان بالو جاقبہ میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری کے والد معروف سیاستدان مرحوم حاکم علی زرداری کی دو شادیاں تھیں۔ دونوں بیگمات کے نام بلقیس بیگم اور زریں آرا ہیں۔ حاکم علی زرداری کا انتقال سال 2011 میں ہوا۔ وہ سال 1972 سے 1977، 1988 سے 1990 اور 1993 سے 1996 تک تین مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہے۔
خیال رہےکہ آصف علی زرداری کی والدہ اور حاکم علی زرداری مرحوم کی دوسری اہلیہ زریں آرا بخاری بدھ کو انتقال کرگئی تھیں۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ہفتوں سے علیل زریں آرا بخاری مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔