Time 25 جون ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف آرٹیکل 6 کے مقدمات درج کرانے پر غور کررہے ہیں: ملک احمد

مقدمات کے حوالے سے کسی ریاستی ادارے سے اجازت نہیں لینی کیونکہ تمام ثبوت موجود ہیں: صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس/ فائل فوٹو
مقدمات کے حوالے سے کسی ریاستی ادارے سے اجازت نہیں لینی کیونکہ تمام ثبوت موجود ہیں: صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس/ فائل فوٹو

لاہور: صوبائی وزیر ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل 6 اور ہتک عزت کے مقدمات درج کرانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ مقدمات کے حوالے سے کسی ریاستی ادارے سے اجازت نہیں لینی کیونکہ تمام ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری، قاسم سوری اور  عمر چیمہ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے آئین شکنی کی ہے، ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے جب کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ہتک عزت کے مقدمات چلانے پر غور کررہے ہیں۔

اس  موقع پر عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ ٰ نے اختیارات اہلیہ اورفرح گوگی کو دے رکھے تھے، ابھی ہم نے کیس بنائے نہیں اور وہ ضمانتیں کرواتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے استعفوں کا اعلان کرکے بھی تنخواہوں اور میڈیکل بلوں کے لیے اسپیکر کی منتیں کر رہے ہیں، ان کو شرم اور حیا کرنی چاہیے ۔

مزید خبریں :