پاکستان
15 نومبر ، 2012

کراچی، کوئٹہ میں کل موٹر سائیکل چلانے پر پابندی، موبائل بھی بند رہینگے

کراچی، کوئٹہ میں کل موٹر سائیکل چلانے پر پابندی، موبائل بھی بند رہینگے

اسلام آباد … وفاقی حکومت نے یکم محرم الحرام کو کوئٹہ اور کراچی میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کردی جبکہ موبائل فون بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ کل بروز جمعہ (یکم محرم الحرام کو) کوئٹہ اور کراچی میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہوگی، اس پابندی کا اطلاق صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوگا۔ دوسری جانب کراچی اور کوئٹہ میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک موبائل فون سروس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ رحمان ملک نے مزید کہا ہے کہ ملک میں امن خراب کرنے میں تیسری قوت ملوث ہے، کراچی اور کوئٹہ میں دہشتگردی کی اطلاعات ہیں، موٹر سائیکل چلانے پر پابندی سے کسی کو کوئی استثناء نہیں ہے، کراچی میں اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر کے بعد کوئی سم دکان پر نہیں ملے گی۔ ذرائع کے مطابق کراچی کی رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی تعداد 12 سے 14 لاکھ ہے جبکہ کراچی میں چلنے والی دیگر شہروں کی رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں اس کے علاوہ ہیں اور غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے، موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کے فیصلے سے لاکھوں افراد پریشانی کا شکار ہوں گے اور شہریوں کو دفاتر اور کاروباری مراکز جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :