29 جون ، 2022
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں کمی کر دی۔
سی اے اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق پینشن میں کمی کا فیصلہ سی اےاے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 25 مارچ کو اپنے 191 ویں اجلاس میں کیا۔
بورڈ نے پینشن میں کمی ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ کی تجویز پر کی ہے جس سے سول ایوی ایشن کے سیکڑوں ریٹائرڈ ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ایچ آر محمد نواز خان نے پینشن میں کمی کا پہلا نوٹیفکیشن 20 جون کو جاری کیا پھر اسے منسوخ کرکے دوسرا نوٹیفکیشن 25 جون کو جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پینشن میں کٹوتی کا اطلاق پرانی تاریخ میں مارچ 2022 سے ہوگا۔
نئے نوٹیفکیشن کے بعد ریٹائرڈ افسران کی پینشن میں 30 ہزار روپے کی کمی ہوئی اور پینشن میں کمی ای جی 7 کے ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈائریکٹرز کی ہوئی ہے۔
ترجمان کا پینشن کٹوتی سے انکار
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے پینشن میں کٹوتی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں کمی نہیں کی جارہی۔
پینشن میں کٹوتی کے دستاویزی ثبوت کے باوجود بھی ترجمان سی اے اے نے پینشن میں کٹوتی نہ ہونے پر اصرار کیا۔
ادھر متاثر ہونے والے ریٹائرڈ افسران نے پینشن میں کٹوتی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔