29 جون ، 2022
کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل کے جدید برقی زینوں کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا۔
جناح ٹرمینل پر قیام کے وقت کے اسکیلیٹرز (برقی زینے) خراب ہونے کی بار بار شکایات کے پیش نظر نئے اور جدید برقی زینوں کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
برقی زینے جناح ٹرمینل کے گراؤنڈ فلور سے فرسٹ فلور کے درمیان آمدورفت کے لیے پرانے مقام پر ہی نصب کیے جارہے ہیں جب کہ پرانے برقی زینے تکنیکی طور پراپنی مدت پوری کرچکے ہیں۔
کچھ عرصے کے دوران پہلے سے نصب زینوں میں خرابیاں بھی پیدا ہورہی تھیں جس کی وجہ سے زینے غیرفعال ہونے کے سبب ائیر پورٹ پر موجود شہریوں کو دقت کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، برقی زینوں کا سسٹم ٹرپ ہونے کی وجہ سے بالخصوص سینئر سٹیزن کو زیادہ مسائل کا سامنا تھا۔
تبدیل ہونے والے زینے سن 1992 میں کراچی ائیرپورٹ کی توسیع اور تزئین وآرائش کے وقت نصب کیے گئے تھے۔